برطانیہ، کینیڈا اورآسٹریلیا نے اسرائیلی فوج کے متنازع فیصلے کو شرمناک قرار دیدیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)غزہ میں ورلڈ سینٹرل کیچن کے 7 امدادی کارکنوں کی شہادت پر اسرائیل کی جانب سے فوجداری تحقیقات آگے نہ بڑھانے کے فیصلے پر برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ دو سال سے زائد عرصے سے اسرائیل پر اس واقعے کی فوری اور مکمل تحقیقات پر زور دیتے آئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے ہمارا یہ مطالبہ بھی رہا ہے کہ اسرائیل تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داروں کو جلد از جلد احتساب کو یقینی بنایا جائے تاہم اسرائیلی فوج کا تحقیقات ختم کرنے کا اعلان انتہائی مایوس کن اور قابلِ مذمت ہے۔

برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل کا عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر تحقیقات ختم کرنے کا اعلان کرنا مزید افسوسناک عمل ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ یکم اپریل 2024 کو پیش آیا تھا جب اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے میں ورلڈ سینٹرل کیچن کی گاڑیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 3 برطانوی، ایک امریکی نژاد کینیڈین، ایک پولش، ایک آسٹریلوی اور ایک فلسطینی شامل تھے۔

اسرائیلی فوج نے اس واقعے کو افسوسناک غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ سینٹرل کیچن کی گاڑیوں کا ہمیں اندازہ نہیں ہوسکا اور فوجی افسران کو شُبہ تھا کہ گاڑیوں میں حماس کا ایک مسلح رکن موجود ہے تاہم یہ غلط ثابت ہوا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ورلڈ سینٹرل کیچن نے قافلے کی حفاظت اور لوٹ مار سے بچاؤ کے لیے ایک مسلح سیکیورٹی ٹیم رکھی تھی جس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ تحقیقات میں آپریشنل اور فیصلہ سازی کی خامیاں سامنے آئیں لیکن دستیاب شواہد اور اس وقت کے مجموعی حالات کو دیکھتے ہوئے کمانڈروں کے فیصلے فوجداری کارروائی کی حد تک نہیں پہنچتے اس لیے فوجداری تحقیقات آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکی امدادی تنظیم ورلڈ سینٹرل کیچن نے بھی اسرائیلی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مکمل سچائی سے متصادم اور انتہائی توہین آمیز قرار دیا۔

تنظیم نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیشن قائم کیا جائے کیونکہ اس کے بقول اسرائیلی فوج اپنے ہی اقدامات کی قابلِ اعتماد تحقیقات نہیں کرسکتی۔

آسٹریلیا نے بھی اسرائیل کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو طلب کیا ہے۔

برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو جنگ زدہ علاقوں میں تحفظ فراہم کرنا عالمی انسانی قانون کا بنیادی تقاضا ہے اور ایسے واقعات میں مؤثر احتساب ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button