عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ضمانت بھی ملنی چاہیے، علیمہ خان

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بھی ضمانت دے دینی چاہیے۔
راولپنڈی کے داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملنے والے ریلیف کے بعد اب عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا، جس کا مطالبہ وہ گزشتہ 8 ماہ سے کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آج نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی جا رہی، ہم بہنیں ہیں اور اپنے بھائی کی صحت کے بارے میں بات کرنا ہمارا حق ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ انصاف مل رہا ہو تو خوشی ہوتی ہے، لیکن انصاف نہ ملے تو تنقید بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کے سابقہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں ماضی میں کیا کچھ ہوا۔
انہوں نے اپنے کیس کے حوالے سے کہا کہ وہ ابھی انسداد دہشتگردی عدالت سے آرہی ہیں اور ان کے کیس میں دفاع کی جانب سے گواہ پر جرح ہونا باقی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے عدالت سے کہا تھا کہ جرح اگلے روز ہی کرلی جائے، تاہم عدالت نے تیاری کے لیے وقت مانگا۔
علیمہ خان نے بشریٰ بی بی کے مقدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو ریلیف دیا گیا ہے تو بشریٰ بی بی کے چارجز تو مزید کمزور ہیں، انہیں بھی پہلے ریلیف ملنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کارکنان ہسپتال کے باہر اجتماع نہیں کریں گے اور اس حوالے سے الگ سے تحریری بیان دینے کی ضرورت نہیں۔



