پی ٹی آئی کا عمران خان کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم، صحت پر سیاست نہیں کریں گے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کارکنوں سے ہسپتال کے باہر اجتماع نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو دو روز کے اندر ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کسی صورت عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کرے گی اور عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر کوئی ہلڑ بازی یا اجتماع نہیں کیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بطور جنرل سیکرٹری انہوں نے عدالت کے سامنے وعدہ کیا ہے، اس لیے پارٹی کو اپنے وعدے کی پاسداری کرنی ہے۔
کارکن عدالتی فیصلے کی توہین کا باعث نہ بنیں: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ مزید انصاف پر مبنی فیصلوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ کوئی ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے عدالتی فیصلے کی توہین ہو۔
عمران خان کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے: بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کا مکمل خیرمقدم کرتی ہے اور عدالتی حکم پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر جمع نہ ہوں تاکہ عمران خان کے علاج میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کی جائے گی اور ان کی طبی رپورٹس کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے معاملے کو بھی اسی انداز میں دیکھا جائے اور انہیں بھی ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔



