شبنم کا پاکستان سے محبت کا اظہار، ’دل چاہتا ہے اُڑ کر پاکستان پہنچ جاؤں‘

ڈھاکہ (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اور سدا بہار اداکارہ شبنم نے اپنی 80ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان سے اپنی دیرینہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے بے پناہ پیار ملا۔
ڈھاکا سے گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے بتایا کہ سالگرہ پر انہیں دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مجھے اتنی محبت ملی کہ مداحوں نے اپنی بچیوں کے نام بھی میرے نام پر رکھے، اس سے بڑھ کر اور کیا محبت مل سکتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام مقبول ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا، تاہم سب سے زیادہ فلمیں اداکار ندیم کے ساتھ کیں اور دونوں کی جوڑی نے بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔
شبنم نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہیں پاکستان بہت یاد آ رہا ہے اور دل چاہتا ہے کہ ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جائیں۔
شبنم نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 160 فلموں میں کام کیا، جن میں اردو، بنگالی اور پنجابی فلمیں شامل ہیں۔ ان کی ندیم کے ساتھ جوڑی پاکستانی فلمی تاریخ کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے اور آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔



