عمران خان کی اسپتال منتقلی، حکومت کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرے گی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے اور حکومت عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ وہ خود جیلوں سے لوگوں کو رہا کرسکیں، عدالتیں ہی اصل راستہ ہیں اور پی ٹی آئی کو بھی اپنے معاملات عدالتوں میں لے کر جانے چاہئیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا فیصلہ حق میں آئے تو اسے تسلیم کرنا اور خلاف آئے تو تنقید کرنا مناسب رویہ نہیں۔ احتجاج کو ہر جماعت کا حق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج پرامن ہونا چاہیے، کیونکہ مسائل سڑکوں پر نہیں بلکہ بات چیت اور آئینی و قانونی راستے سے حل ہوں گے۔
سینیٹ میں بلوچستان اور سابق فاٹا کے مسائل بھی زیر بحث
سینیٹ اجلاس میں بلوچستان اور سابق فاٹا و پاٹا کے ٹیکس استثنیٰ سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ مختلف سینیٹرز نے ضم شدہ اضلاع میں ٹیکسوں کے نفاذ، ترقیاتی فنڈز اور سکیورٹی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس استثنیٰ کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آئی تھیں، تاہم حکومت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے تیار ہے۔
سینیٹر مولانا عبدالواسع نے بلوچستان میں ٹیکسوں کے نفاذ اور سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مسائل کا حل بارڈرز کو محفوظ بنانے میں ہے۔
طارق فضل چوہدری نے بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں آپریشن کا کسی کو شوق نہیں، تاہم روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ بی ایل اے اور دیگر دہشت گردوں کو بھارت وسائل فراہم کررہا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹرز کا عمران خان کی صحت پر اظہار تشویش
پی ٹی آئی سینیٹر عون عباس نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی رپورٹس کے مطابق عمران خان شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود بھی قیدِ تنہائی کی تکلیف برداشت کی ہے اور بانی پی ٹی آئی کو کئی ماہ سے قیدِ تنہائی میں رکھنے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کارکنوں سے اپیل کی کہ شفا اسپتال کے باہر کوئی مجمع نہ لگایا جائے اور ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس سے حکومت کو عمران خان کی اسپتال منتقلی کا عمل سبوتاژ کرنے کا موقع ملے۔



