بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق سی پی پی اے نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی ہے، جس پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔

درخواست کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس پر 77 ارب 19 کروڑ روپے لاگت آئی، جبکہ ایل این جی سے فی یونٹ بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس پر 10 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

سی پی پی اے کی درخواست میں بتایا گیا کہ جولائی کے دوران پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد، درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست کے مطابق نیوکلیئر ذرائع سے بجلی کی فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی، جبکہ ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی اور اس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔

نیپرا کے مطابق اگر سی پی پی اے کی درخواست منظور کرلی گئی تو بجلی صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button