لیاری گینگ وار کا مطلوب کمانڈر فیصل پٹھان ایران میں فائرنگ سے ہلاک

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب کمانڈر فیصل پٹھان ایران کے شہر چابہار میں فائرنگ کے واقعے میں مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل پٹھان کو چابہار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ فیصل پٹھان کراچی کے علاقے لیاری کی چاکیواڑہ کی ہزارہ کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل پٹھان ماضی میں رحمان ڈکیت اور بابا لاڈلا گروپ سے وابستہ رہا، تاہم دونوں کمانڈروں کی ہلاکت کے بعد وہ عزیر بلوچ گینگ کا حصہ بن گیا۔
2013 کے کراچی آپریشن کے بعد فیصل پٹھان پاکستان سے فرار ہوکر ایران منتقل ہوگیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ ایران سے مبینہ طور پر لیاری گینگ وار کے نیٹ ورک کے معاملات چلاتا رہا۔
فیصل پٹھان پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان سمیت متعدد سنگین مقدمات میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ وہ لیاری میں پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں بھی نامزد رہا۔
ذرائع کے مطابق فیصل پٹھان کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں بھی شامل تھا۔
فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث افراد کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



