مردہ مرغیوں کی فروخت کیس، لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت مسترد کردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے 1200 کلو مردہ مرغیاں فروخت کرنے کے کیس میں ملزم تنویر مسیح کی درخواست ضمانت ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک مافیا ہے جو لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔”

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عمران عارف رانجھا عدالت میں پیش ہوئے اور ملزم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس ایسے ظالم لوگوں کو تحفظ دیتی ہے اور ایسے مقدمات میں بروقت تفتیش نہیں کرتی، جس کا فائدہ ملزمان کو پہنچتا ہے۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے مزید کہا کہ ایسے ملزمان کو ریلیف دے کر معاشرے میں اس گھناونے جرم کے لیے کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا۔ تفتیشی افسران کی ذمہ داری ہے کہ ایسے مقدمات میں ترجیحی بنیادوں پر بلا تاخیر تفتیش مکمل کریں۔

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تقریباً آٹھ ماہ قبل چھاپہ مار کر تنویر مسیح کو گرفتار کیا تھا، تاہم تھانہ بلوچنی فیصل آباد پولیس تاحال تفتیش مکمل نہیں کرسکی۔

وکیل نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کی استدعا کی، تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

مزید خبریں

Back to top button