یوٹیوب نے ویوز گننے کا طریقہ بدل دیا، نئی پالیسی 24 اگست سے نافذ ہوگی

نیو یارک (ویب ڈیسک) دنیا کے معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ویڈیوز کے ویوز گننے کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق 24 اگست 2026 سے عالمی سطح پر ہوگا۔
یوٹیوب کے مطابق اس سے قبل شارٹس اور طویل ویڈیوز کے ویوز مختلف طریقوں سے شمار کیے جاتے تھے، تاہم اب تمام اقسام کی ویڈیوز کے لیے ویوز گننے کا ایک ہی معیار مقرر کیا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے تحت جیسے ہی کوئی ویڈیو چلنا شروع ہوگی اور اس کا پہلا فریم اسکرین پر ظاہر ہوگا، اسی وقت ایک ویو شمار کرلیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق مختلف ویڈیو فارمیٹس کے لیے الگ الگ ویو کاؤنٹنگ سسٹم کی وجہ سے کریئیٹرز کو اکثر الجھن کا سامنا رہتا تھا، اسی لیے تمام ویڈیوز کے لیے یکساں طریقہ کار متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ نئی تبدیلی کے بعد کریئیٹرز کی ویڈیوز کے مجموعی ویوز پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھتے ہوئے دکھائی دے سکتے ہیں، جس سے وہ اپنی ویڈیوز کی پہنچ اور مقبولیت کو برانڈز اور اسپانسرز کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرسکیں گے۔
انگیجڈ ویوز کا آپشن برقرار رہے گا
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ جو کریئیٹرز یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کتنے صارفین نے ویڈیو شروع ہونے کے بعد اسے دیکھنا جاری رکھا، ان کے لیے یوٹیوب اینالیٹکس میں انگیجڈ ویوز کا معیار بدستور دستیاب رہے گا۔
کمپنی کے مطابق ویوز گننے کے نئے طریقہ کار سے کریئیٹرز کی آمدنی یا یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کی اہلیت پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔
یوٹیوب نے بتایا کہ کریئیٹرز کی آمدنی پہلے کی طرح انگیجڈ ویوز اور واچ آورز سے متعلق موجودہ نظام کے تحت ہی ہوگی۔
پارٹنر پروگرام میں شمولیت کی شرائط میں بھی معمولی نامی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت انہیں اب کوالیفائیڈ ویوز اور کوالیفائیڈ واچ آورز کہا جائے گا، تاہم بنیادی اہلیت کے اصول برقرار رہیں گے۔



