بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، تاہم ان کے اہلِ خانہ نے اداکارہ کی موت کی تصدیق تقریباً ایک ماہ بعد ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان کے ذریعے کی۔
خاندان کے مطابق اننیا راج 15 جولائی کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کرگئی تھیں۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اداکارہ گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔
خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اننیا نے اپنی مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا اور وہ مضبوط ارادوں کی مالک تھیں۔
اہلِ خانہ نے مداحوں سے اداکارہ کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی اور خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی میں پرورش پانے والی اننیا راج نے ہندی اور علاقائی فلموں کے ساتھ میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا اور اسی ذریعے سے شوبز انڈسٹری میں اپنی شناخت بنائی۔
اننیا راج نے 2016 میں فلم ’7 آورز ٹو گو‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، جس کے بعد وہ 2017 میں ’دی فائنل ایگزٹ‘ اور 2019 میں ’گھوسٹ‘ سمیت دیگر فلموں میں بھی نظر آئیں۔
اداکارہ نے تیلگو فلموں کے علاوہ تین زبانوں میں بننے والی فلم ’مدراسی گینگ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔



