تھائی لینڈ میں چھپکلی کی نئی نسل دریافت، ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ کے ڈریگن سے متاثر ہوکر نام رکھ دیا گیا


بنکاک (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں ماہرین نے چھپکلی کی ایک نئی نسل دریافت کرلی، جس کا نام مشہور سیریز ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ کے ایک ڈریگن سائریکس (Syrax) سے متاثر ہوکر رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئی نسل مغربی تھائی لینڈ کے مے وونگ کے بلند پہاڑی جنگلات میں دریافت ہوئی ہے۔ اس کا تعلق ماؤنٹین ہارنڈ ڈریگنز نامی گروپ سے ہے، جو گردن اور پیٹھ پر موجود کانٹے دار ابھاروں کی وجہ سے منفرد سمجھے جاتے ہیں۔
گزشتہ ماہ جریدے ZooKeys میں شائع ہونے والی تحقیق میں اس نئی چھپکلی کی دریافت اور خصوصیات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
محققین کے مطابق اس نئی نسل کا نام رکھنے میں اس کے زردی مائل رنگ، چھوٹے جسم اور بڑی تعداد میں انڈے دینے کی خصوصیت کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی اور مغربی تھائی لینڈ کے پہاڑی علاقوں میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ چھپکلیوں کی مختلف اقسام کی مکمل درجہ بندی کی جاسکے اور ان علاقوں میں موجود دیگر پوشیدہ جانداروں کو بھی دریافت کیا جاسکے۔