لیسکو کا ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ایک بل پر پوری عمارت کے کنکشن کاٹنے کا حکم

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے بلوں کی مد میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا، شہر میں کسی بھی عمارت کا ایک بل بھی واجب الادا ہونے کی صورت میں تمام بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کے لاکھوں صارفین کے گھروں اور دیگر عمارتوں پر ڈیڈ ڈیفالٹ کی مد میں واجبات جمع ہیں۔ بعض صارفین نے واجبات ادا کرنے کے بجائے نیا کنکشن حاصل کرکے بجلی کا استعمال جاری رکھا۔

لیسکو نے واجبات کی وصولی کے لیے نادہندہ عمارتوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، جس کے تحت گھریلو، کمرشل اور صنعتی سمیت تمام ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق لیسکو نے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کے لیے اپنی لیگل ٹیمیں بھی متحرک کردی ہیں۔ بعض صارفین نے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر مختلف عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے۔

لیسکو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کے فیصلے حاصل کرکے واجبات کی وصولی کا عمل تیز کیا جائے۔

حکام کے مطابق ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی کا مقصد طویل عرصے سے واجب الادا بجلی کے بلوں کی وصولی اور کمپنی کے مالی نقصانات کو کم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button