منیشا کوئرالا نے کینسر کے تجربے کو انتہائی خوفناک قرار دیدیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی اداکارہ منیشا کوئرالا نے کینسر کو انتہائی خوفناک احساس قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منیشا کوئرالا میں 2012 میں اوویرین کینسر کے اسٹیج 4 کی تشخیص کی گئی تھی جس کا علاج اداکارہ نے امریکا سے کروایا تھا۔
اس دوران ان کی سرجری اور کیموتھراپی بھی ہوئی اور ان کی آخری کیموتھراپی کا سیشن اپریل 2013 میں ہواتھا جس کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے منیشا کو کینسر فری قرار دے دیا تھا۔
تاہم حال ہی میں اداکارہ نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ماضی کے بہت سے قصوں کو یاد کرتے ہوئے کینسر کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ میں اسپتال میں تھی اور جب مجھے معلوم ہوا کہ مجھے کینسر ہوگیا تو وہ رات میرے لیے سب سے زیادہ تنہائی بھری اور طویل ترین رات تھی، مجھے محسوس ہورہا تھا میں مرنے والی ہوں۔
منیشا کا کہنا تھا کہ کئی بار میں نے تنہائی محسوس کی، کینسر کے دوران مجھے احساس ہوا کہ ایک مریض کیسا تنہا محسوس کرتا ہے، یہ انتہائی ہولناک اور خوفناک وقت تھا جسے کوئی بھی محسوس نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بہت کام کیا ہے اس دوران اپنی صحت کا خیال نہیں رکھا، اگر مجھے زندگی میں دوبارہ موقع ملے تو میں اپنی صحت کو ترجیح دوں گی۔



