عمران خان کی صحت سے متعلق حقائق فوری قوم کے سامنے لائے جائیں، شفیع جان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی صحت کے بارے میں حقائق فوری طور پر قوم کے سامنے لائے جائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ ناقابل برداشت ہے۔ ان کے مطابق عمران خان سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندی وفاقی اور پنجاب حکومت کی آمرانہ طرز حکمرانی کی عکاسی کرتی ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فیملی، پارٹی قیادت، کارکنان اور پوری قوم ان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سے فوری طور پر ان کی بہنوں اور ذاتی معالجین کی ملاقات کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا علاج ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی میں بہترین دستیاب ہسپتال میں کرایا جانا چاہیے، جبکہ ان کی صحت سے متعلق تمام حقائق شفاف انداز میں سامنے لائے جائیں۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان گزشتہ 9 ماہ سے قیدِ تنہائی میں ہیں اور ان کی فیملی، ذاتی معالجین اور سیاسی قیادت کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی۔
شفیع جان نے ماضی میں نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ملنے والے ریلیف اور مریم نواز کو ان کی تیمارداری کے لیے ملنے والی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکمران معمولی بیماری کی صورت میں بھی بیرون ملک علاج کراتے ہیں، جبکہ ان کے بقول عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بنیادی طبی سہولیات اور ذاتی معالجین تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات اور طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی مطالبہ نہیں بلکہ ان کے بقول یہ بنیادی آئینی و قانونی حق ہے۔
شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ وفاق اور پنجاب میں برسرِ اقتدار حکومتیں آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔



