وزیرآباد: احمد نگر روڈ سمیت اوور ہیڈ برج کے قریب سڑکوں پر بڑے کھڈے، ٹریفک کی روانی شدید متاثر

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) احمد نگر روڈ سمیت اوور ہیڈ برج کے قریب سڑکوں پر پڑنے والے بڑے بڑے کھڈوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے لگی ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ سڑکوں پر فوری طور پر پیچ ورک کروا کر کھڈے پُر کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے اور حادثات کا خدشہ کم کیا جا سکے۔شہریوں کے مطابق بارش کے دوران سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی کھڈوں میں بھر جانے سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے اور ڈرائیوروں کو سڑک کی خستہ حالی کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔ دوسری جانب چاند گاڑیوں اور رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، جبکہ بارش کے پانی سے گزرنے والی بھاری ٹریفک کے باعث سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل تعمیر و مرمت کیے جانے والے بعض روڈز کا دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا تعمیراتی معیار اور نکاسی آب کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ،ہمیونسپل حکام اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی فوری مرمت کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ بارش کے پانی سے سڑکوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔



