ایران کو فوجی دباؤ سے زیادہ امریکی اقتصادی پابندیوں کا خوف ہے، مائیک والٹز

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو فوجی دباؤ سے زیادہ امریکی اقتصادی پابندیوں کی فکر ہے، واشنگٹن کی معاشی پالیسی ایرانی معیشت پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیک والٹز نے کہا کہ ایران کو وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کی نسبت زیادہ خوف ہے۔ ان کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ کی قیادت میں ’آپریشن اکنامک فیوری‘ ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔
امریکی مندوب نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مذاکرات کی میز پر بار بار نقد رقم اور منجمد اثاثوں تک رسائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایران میں کرنسی کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے معاشی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب ایران کی معیشت کے ایک بڑے حصے پر کنٹرول رکھتی ہے۔
مائیک والٹز نے ایرانی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کرپٹ اور مذہبی انتہا پسند نظام قائم ہے، جس نے ایرانی عوام کو کئی دہائیوں سے مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی دباؤ کے ساتھ بحری ناکہ بندی بھی ایران پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور واشنگٹن کو امید ہے کہ یہ دباؤ بالآخر ایران کو اپنے مؤقف میں تبدیلی پر مجبور کر سکتا ہے۔



