نئے صوبوں پر ایم کیو ایم کا بڑا اعلان، فاروق ستار نے ریفرنڈم کی دھمکی دے دی، ’اب الٹی گنتی شروع ہوگئی‘

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کا عندیہ دے دیا۔ رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم نہ کرایا تو ایم کیو ایم خود ریفرنڈم کرائے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ’’اب الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے‘‘، جبکہ نوجوانوں کی تحریک نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد میں بھی ابھرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی گزشتہ 80 برس سے ملک کو وسائل اور ٹیکس فراہم کر رہا ہے، تاہم شہر کے عوام کو اس وقت انصاف تک میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
فاروق ستار نے تاجر میر رضا علی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ میر رضا کے اہلخانہ کو انصاف دلانے کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے میر رضا علی کیس کی تفتیش کا رخ تبدیل کرنے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پہلے پوسٹ مارٹم کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے تھے، حتیٰ کہ سرجن بھی اس سے مطمئن نہیں تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ صومالیہ میں پاکستان کے 10 شہری اس وقت یرغمال ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے۔



