آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع، باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں بڑا انتخابی معرکہ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے

مظفرآباد (جانو ڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کا میدان سج گیا، ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ تیسرے مرحلے میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 کے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ تیسرے مرحلے کے انتخابی معرکے میں مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جبکہ مختلف حلقوں میں امیدواروں نے کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ اور سدھنوتی کے حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں، ان حلقوں میں پولنگ بعد میں کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں۔
تیسرے مرحلے کے انتخابات کے نتائج حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مزید واضح کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔



