بدین:فشر فوک فورم کا اجلاس،ماہی گیروں کے حقوق کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے) پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس مرکزی چیئرمین سائیں مہران علی شاہ کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی عہدیداران، رہنماؤں اور مختلف یونٹس کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں پاکستان فشر فوک فورم کی نئی ضلعی باڈی کے حوالے سے لگائے جانے والے مبینہ غلط اور بے بنیاد الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان فشر فوک فورم ماہی گیروں، کسانوں اور مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے، جو طویل عرصے سے ان کے جائز اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ جدوجہد آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بدین ضلع کے تمام یونٹس میں تنظیم نو کرکے پاکستان فشر فوک فورم کو مزید منظم اور مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ ماہی گیروں، کسانوں، مزدوروں اور ساحلی پٹی کے عوام کو درپیش مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اس موقع پر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ میٹھے پانی کے ماہی گیروں کے لائسنس کمپیوٹرائزڈ کیے جائیں اور ان کے لیے سرکاری سبسڈی کا اعلان کیا جائے تاکہ ماہی گیر اپنے روزگار کو بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 14 اگست کے موقع پر بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اجلاس میں ساحلی پٹی کے بنیادی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ نریڑی جھیل کی چھنڈنیاں بحال کی جائیں، ساحلی پٹی میں خستہ حال اور تباہ شدہ سرکاری اسکولوں کی فوری مرمت کرائی جائے اور بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں پکستان فشر فوک فورم کے رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ میہڑ دانڈل سے نریڑی جھیل اور مومن تھیامور تک سڑک تعمیر کی جائے جبکہ ساحلی پٹی کے تمام دیہات میں سڑکوں کا جال بچھانے کے ساتھ ساتھ عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے فلٹر پلانٹس بھی قائم کیے جائیں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والے ماہی گیر اور دیگر محنت کش طبقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ماہی گیر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے باوجود روزگار، لائسنس، تعلیم، صحت، صاف پانی اور دیگر بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے حکومت کو ان مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ 11 اگست 2026 کو بدین میں اہم پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ماہی گیروں، کسانوں، مزدوروں اور ساحلی پٹی کے عوام کو درپیش مسائل، تنظیم کے مطالبات اور آئندہ کی جدوجہد کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں ضلعی رہنماؤں حاجی نبی بخش ملاح، عبدالرحیم چنڈانی، سابق صدر مٹھن ملاح، محمد عمر ملاح، محمد قاسم بچو، سومار لوہار، الہٰ بچایو ملاح، فتح خان ملاح، میہڑ دانڈل، صابو تھیامور، غلام محمد پنہور، چھٹو ملاح، نواز ملاح، حاجی ملاح، عبدالغفور ملاح، علی محمد شیخ، رجب علی ملاح، یوسف ملوانی، سرفراز علی بچو، سومار تھیامور، قاسم بوہریو، حنیف ماچھی، رزاق ملاح، میر محمد ملاح، لطیف راہیمون، وسایو راہیمون، عطااللہ چنڈانی، سلطان ملاح سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی پا کستان فشر فوک فورم کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماہی گیروں، کسانوں، مزدوروں اور ساحلی پٹی کے عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔



