شیخوپورہ: سید وارث شاہ کے نام سے ہیریٹیج اینڈ کلچرل گیلری قائم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے معروف صوفی شاعر سید وارث شاہ کی جائے پیدائش جنڈ یالہ شیر خان، شیخوپورہ میں ان کے نام سے نئی ہیریٹیج اینڈ کلچرل گیلری قائم کردی گئی۔
گیلری کے قیام کا مقصد سید وارث شاہ کی ادبی و صوفیانہ خدمات، شیخوپورہ کے تاریخی ورثے اور پنجاب کی ثقافتی روایات کو نئی نسل سے متعارف کرانا ہے۔
سید وارث شاہ 1722ء میں جنڈ یالہ شیر خان، شیخوپورہ میں پیدا ہوئے۔ گیلری جنڈ یالہ شیر خان قلعہ میں قائم کی گئی ہے، جہاں پرانی لائبریری کی عمارت کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
نئی گیلری میں دو گیلریاں اور ایک مرکزی ہال شامل ہیں۔ ایک گیلری میں شیخوپورہ کے تاریخی ورثے سے متعلق تقریباً 20 تصاویر جبکہ دوسری میں شیخوپورہ کی ثقافت اور وارث شاہ کی شہرۂ آفاق تصنیف ’’ہیر‘‘ میں بیان کردہ ثقافتی عناصر کی تقریباً 15 تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔
مرکزی ہال میں سید وارث شاہ کی بڑی پینٹنگ کے ساتھ ایل سی ڈی بھی نصب کی گئی ہے، جس پر محکمہ اوقاف کی جانب سے شیخوپورہ اور سید وارث شاہ کی ’’ہیر‘‘ سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔
گیلری میں ’’ہیر‘‘ میں بیان ہونے والی اشیا اور اس دور کے ثقافتی سامان کو بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، جن میں تاوا، گھڑا، ترازو، کمان اور چھابڑی سمیت دیگر روایتی اشیا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سید وارث شاہ کا شجرہ نسب، ان کے دور کے سکے اور لباس سے متعلق مواد بھی گیلری کا حصہ ہیں، جبکہ ’’ہیر‘‘ کے کرداروں اور اہم واقعات کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
پنجاب کی تاریخی و ثقافتی زندگی، روایتی اوزار، چرخہ اور حقہ کلچر بھی نمائش میں شامل کیے گئے ہیں، جبکہ وارث شاہ کی شاعری اور صوفیانہ فکر کو اجاگر کرنے کے لیے آڈیو ویژول سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
گیلری میں وارث شاہ کے مشکل پنجابی الفاظ کے اردو اور انگریزی تراجم کے لیے ڈیجیٹل ڈکشنری اور تحقیق و تعلیم کے لیے ریسرچ سینٹر کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
مقامی سطح پر گیلری کو شیخوپورہ کی شناخت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق جنڈ یالہ شیر خان کا تاریخی قلعہ اور حویلی علاقے کی تاریخ و ثقافت کا اہم حصہ ہیں، جن کے تحفظ سے نئی نسل کو اپنے ادبی ورثے سے روشناس کرایا جاسکتا ہے۔
گیلری کو مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ جنڈ یالہ شیر خان کو ننکانہ صاحب اور کرتارپور کے ساتھ ثقافتی و ورثہ سیاحتی روٹ سے منسلک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
وارث شاہ کی ’’ہیر‘‘ میں امن، برداشت، عورت کے احترام، سماجی ناانصافی اور ذات پات سمیت مختلف معاشرتی موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ گیلری کے ذریعے ان کی فکر اور شاعری میں موجود ان اقدار کو نئی نسل تک پہنچانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔



