’’میزائل کا جواب میزائل سے دیں گے‘‘عراق کی مسلح تنظیم کی سعودی عرب کو دھمکی

بغداد(ویب ڈیسک) عراق کی مسلح تنظیم حرکت حزب اللہ النجباء کے سربراہ اکرم الکعبی نے سعودی عرب اور امریکا کے مبینہ مشترکہ حملوں کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔

امریکی اور سعودی حملوں میں عراق کی پاپولر موبلائزیشن فورسز (PMF) کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں حرکت حزب اللہ النجباء بھی شامل ہے۔

اکرم الکعبی نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ سفارت کاری بے فائدہ ہے، اس لیے پی ایم ایف کے ٹھکانوں پر ہونے والے حملوں کا جواب دینے کے لیے سعودی عرب کو موزوں فوجی کارروائی کے ذریعے قابو میں لانا ضروری ہے۔

انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ’’میزائل کا جواب صرف میزائل سے دیا جاسکتا ہے اور آگ کا مقابلہ صرف آگ سے کیا جاسکتا ہے۔‘‘

سعودی عرب اور امریکی سینٹرل کمانڈ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ مشترکہ فضائی حملوں میں عراق میں موجود ان مسلح گروہوں کو نشانہ بنایا گیا جو امریکی فوجیوں اور سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے ذمہ دار تھے۔

دوسری جانب عراق کی نیم فوجی تنظیم پاپولر موبلائزیشن فورسز نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں اس کے کم از کم 20 ارکان ہلاک اور 32 زخمی ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button