نائجیریا میں بڑا ریسکیو آپریشن، شدت پسندوں کے قبضے سے 308 افراد بازیاب

ابوجا(مانیٹرنگ ڈیسک) نائجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے ایک ہفتے کے دوران شدت پسندوں کے قبضے سے کم از کم 308 افراد کو بازیاب کرا لیا، جسے حکام ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشنز میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں بڑی تعداد ان دو گروہوں سے تعلق رکھتی ہے جنہیں شدت پسندوں نے طویل عرصے سے یرغمال بنا رکھا تھا۔ ان میں سے 163 افراد کو ریاست کوارا کی وورو کمیونٹی پر 3 فروری کو ہونے والے حملے کے دوران اغوا کیا گیا تھا، جبکہ حملے میں مزید 160 افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔

مغویوں کے مطابق انہیں مبینہ طور پر اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے شدت پسندوں کی مذہبی تعلیمات قبول کرنے اور ان کے سامنے جھکنے سے انکار کیا تھا۔

ایک خاتون حوا سلیو نے بتایا کہ اغوا کار مسلسل مغویوں سے پوچھتے تھے کہ آیا انہوں نے جہاد قبول کرلیا ہے یا نہیں۔ ان کے بقول مغوی اللہ سے اپنے گھروں کو واپسی کی دعائیں کرتے تھے، تاہم انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ کبھی دوبارہ اپنے خاندانوں سے مل سکیں گے۔

ایک اور متاثرہ خاتون اور پیشے کے اعتبار سے نرس امیرہ سلیو نے قید کے دوران خواتین اور بچوں کی انتہائی کسمپرسی کی داستان بیان کی۔ ان کے مطابق مغویوں کو دریا کے قریب ایک جنگل میں رکھا گیا تھا اور قریب ہیلی کاپٹروں کی آواز سنائی دینے پر انہیں آگ بجھانے اور خود کو چھپانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

امیرہ سلیو نے بتایا کہ قید کے دوران انہیں 10 خواتین کی زچگی میں مدد کرنا پڑی، لیکن ان کے پاس نہ طبی آلات تھے اور نہ ہی دستانے۔ ان کے بقول انہیں ننگے ہاتھوں سے خواتین کی مدد کرنا پڑی۔

44 سالہ میری ایشایا نے بتایا کہ مغویوں کو کئی کئی دن تک کھانے کو کچھ نہیں ملتا تھا، جبکہ قید کے دوران ہلاک ہونے والے ساتھی مغویوں کی تدفین بھی انہیں خود کرنا پڑتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے موت اور اذیت دیکھی۔

ریاست کوارا کے گورنر عبدالرحمان عبدالرزاق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بازیاب کرائے گئے 46 افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ان کے مطابق متاثرین میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے اور حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

نائجیریا میں پیش آنے والے اس واقعے نے ملک کے شمالی علاقوں میں سرگرم شدت پسند گروہوں اور مسیحی برادری کے درمیان جاری کشیدگی کو بھی نمایاں کیا ہے۔ نائجیریا کی مجموعی آبادی میں مسیحیوں کا حصہ تقریباً 45 فیصد بتایا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button