پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پراسلام آباد کی سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کودلہن کی طرح سجا دیا گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدے کی خوشی میں اسلام آباد میں اہم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔
ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، پارلیمینٹ کی عمارتوں کو سجا دیا گیا، اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر تینوں ملکوں کے پرچم لہرا دیے گئے، مکہ معاہدہ سے متعلق شاہراہوں پر خیر مقدمی بینرز بھی آویزاں کردیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیے دفاعی معاہدے کو اتحاد اور قیامِ امن کے مشترکہ عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا اور استحکام آئے گا، معاہدے کا بنیادی مقصد اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تینوں ملکوں کے مشترکہ خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، علاقائی امن اور استحکام کے حامی دیگر ممالک بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
سعودی عرب نے بھی واضح کردیا کہ مکہ دفاعی معاہدہ خطے کی کسی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں، معاہدہ خلیجی ممالک، عرب اتحادیوں، امریکا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ سعودی اسٹریٹجک تعلقات کو متاثر نہیں کرتا۔



