وزیرآباد:ون ویلنگ کرنیوالوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے،ڈی ایس پی ٹریفک

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ کی ہدایات پر ضلع بھر میں ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور موٹر سائیکلوں میں غیر قانونی آلٹریشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی ٹریفک رائے ضمیر اعظم نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر شہری قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور جشن آزادی کو مہذب انداز میں منائیں۔ڈی ایس پی ٹریفک رائے ضمیر اعظم نے واضح کیا کہ ون ویلنگ نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف بھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موٹر سائیکلوں میں غیر قانونی آلٹریشن کروانے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ایسی تمام موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی جائیں گی جبکہ ون ویلنگ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور دیگر خطرناک حرکات سے باز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان وقتی شوق یا سوشل میڈیا کی نمائش کے لیے اپنی جان اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ڈی ایس پی ٹریفک کا مزید کہنا تھا کہ مہذب اقوام کی پہچان نظم و ضبط اور قانون کی پابندی ہے، نہ کہ سڑکوں پر ہلڑ بازی اور خطرناک کرتب دکھانا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم اور قومی جذبے کا احترام کرتے ہوئے جشن آزادی کو پُرامن، باوقار اور ذمہ دارانہ انداز میں منائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button