بورے والا کی طالبہ فضیلت فاطمہ نے ملتان بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے سرکاری سکول کا نام روشن کر دیا

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو/جانوڈاٹ پی کے) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان کے زیرِ اہتمام منعقدہ میٹرک کے سالانہ امتحانات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مدینہ کالونی کی ہونہار طالبہ فضیلت فاطمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1116 نمبر حاصل کر کے گرلز کیٹیگری میں ملتان بورڈ بھر میں تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔

اس غیرمعمولی کامیابی پر ملتان بورڈ کی جانب سے فضیلت فاطمہ کو 50 ہزار روپے مالیت کا نقد انعامی چیک بھی دیا گیا۔ طالبہ کی اس نمایاں کامیابی پر سکول میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ شہریوں، والدین اور اساتذہ نے انہیں بھرپور مبارکباد پیش کی۔

شہریوں نے سکول کی پرنسپل محترمہ عابدہ اسلام اور تدریسی عملے کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکول سے اس نوعیت کا شاندار نتیجہ پرنسپل کی مدبرانہ قیادت، بہترین تعلیمی حکمتِ عملی، مؤثر نظم و ضبط اور اساتذہ کی اعلیٰ تدریسی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

پرنسپل محترمہ عابدہ اسلام نے فضیلت فاطمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی دیگر طالبات کے لیے مشعلِ راہ اور ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک طالبہ کا نہیں بلکہ پوری سکول ٹیم کی شبانہ روز محنت، اساتذہ کی تدریسی لگن اور طالبہ کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مدینہ کالونی آئندہ بھی معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔

طالبہ فضیلت فاطمہ اور ان کے والدین نے اس تاریخی کامیابی کا سہرا پرنسپل محترمہ عابدہ اسلام کی بہترین رہنمائی، شفقت اور اساتذہ کی محنت کے سر باندھتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button