بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا

پورٹ آف اسپین(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بابر اعظم نے بیٹنگ میں بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اننگز میں 193 رنز بنائے، ان کی بیٹنگ اوسط 96.50 رہی اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر قرار پائے۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے، تاہم دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی شاندار 88 رنز کی اننگز نے پاکستان کو اہم برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیریز کی آخری اننگز میں بابر اعظم نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے سیریز میں 111 رنز بنانے کے ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ برابر کر لیا ہے۔
ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 8 ٹیسٹ اور 2 ون ڈے، وسیم اکرم نے 7 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے، جبکہ بابر اعظم نے ایک ٹیسٹ، 4 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا ہے۔



