ٹرمپ کی فنڈ ریزنگ تقریب سے قبل مسلح مشتبہ شخص گرفتار، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فنڈ ریزنگ تقریب سے چند گھنٹے قبل ٹرمپ نیشنل گالف کلب کے احاطے سے ایک مسلح مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق سادہ لباس میں تعینات وفاقی اہلکاروں نے ایک شخص کو گالف کلب کی تصاویر لیتے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 38 سالہ جینین جان ٹیلے کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تلاشی کے دوران اس کی جیب سے بھرا ہوا میگزین برآمد ہوا، جبکہ گاڑی سے ایک پستول اور اضافی گولیاں بھی ملی ہیں۔
بعد ازاں ایف بی آئی اور مقامی پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے ایک غیر قانونی رائفل، .45 پستول، باڈی آرمر، بڑی گنجائش والے میگزین، بھاری مقدار میں گولہ بارود، مشکوک نوٹ بکس اور دو ریڈیو سگنل ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق ملزم پہلے ہی ڈکیتی کے ایک مقدمے میں زیرِ تفتیش تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں عوام یا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کسی فوری خطرے کے شواہد نہیں ملے، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



