غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہیٰ کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل واپس لینے پر خارج

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر کی گئی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت چوہدری پرویز الہیٰ کے وکیل عامر سعید راں نے مؤقف اپنایا کہ اس مقدمے میں ایک اہم قانونی نقطہ اور سوال موجود ہے۔

اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا یہ اپیل اب غیر مؤثر نہیں ہو چکی؟ انہوں نے کہا کہ آپ ایک ایسے معاملے پر محض اکیڈمک (علمی) بحث کرنا چاہتے ہیں جو پہلے ہی غیر مؤثر ہو چکا ہے۔

پرویز الہیٰ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر کی گئی اپیل بھی خارج ہو چکی ہے۔ اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ہدایت کی کہ آپ یہ اپیل واپس لے کر متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

عدالتی ریمارکس کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کی قانونی ٹیم نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر اپیل واپس لے لی، جس پر سپریم کورٹ نے درخواست کو باضابطہ طور پر واپس لیے جانے کی بنیاد پر خارج کر دیا۔

مزید خبریں

Back to top button