اسپن وام کی گیس فروخت کے لیے تیار: بولی کا عمل مکمل، کامیاب کمپنی کو لیٹر آف ایوارڈ جاری

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام سے دریافت ہونے والی قدرتی گیس کی تجارتی فروخت کی جانب بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ماری انرجیز لمیٹڈ نے بولی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کرنے کے بعد کامِیاب بولی دہندہ کو باضابطہ طور پر لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) کو بھیجے گئے باضابطہ اعلامیے کے مظابق اسپن وام گیس دریافت سے حاصل شدہ گیس کی فروخت کا ٹینڈر 15 مئی 2026ء کو جاری کیا گیا تھا۔
شفاف بولی کے عمل کے بعد یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (UGDC) کو گیس خریداری کا لیٹر آف ایوارڈ سونپ دیا گیا ہے۔
اسپن وام گیس فیلڈ سے یومیہ 17.5 ملین مکعب فٹ (MMCFD) گیس فروخت کی جائے گی۔
ماری انرجیز کے مطابق یہ فروخت حکومتِ پاکستان کے 7 جنوری 2025ء کو منظور شدہ "فریم ورک فار سیل آف گیس ٹو تھرڈ پارٹیز” (Framework for Sale of Gas to Third Parties) کے عین مطابق کی جا رہی ہے۔



