آزاد کشمیر الیکشن،بدین میں پیپلز پارٹی کا تاریخی کلین سویپ: تمام 46 کے 46 ووٹرز نے تیر پر مہر لگا دی، مخالفین کا مکمل صفایا

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع بدین کے دو مختلف حلقوں میں قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق بدین کے تمام رجسٹرڈ ووٹرز نے یکطرفہ طور پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کے حق میں ووٹ دے کر مخالفین کو صفا چٹ کر دیا۔
حلقہ ایل اے-34 (جموں-I):
گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کھوسکی میں قائم پولنگ اسٹیشن پر کل 41 رجسٹرڈ ووٹرز (24 مرد اور 17 خواتین) تھے۔ غیر حتمی نتائج کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ریٹائرڈ کرنل عبدالقدیر چوہان گجر نے تمام 41 کے 41 ووٹ حاصل کر کے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ان کے مقابلے میں کسی بھی مخالف امیدوار کو ایک ووٹ بھی نہ مل سکا۔
حلقہ ایل اے-40 (کشمیر ویلی-I):
گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بدین میں مرد و خواتین کے لیے مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا، جہاں کل 5 ووٹرز (4 مرد اور 1 خاتون) رجسٹرڈ تھے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر عبدالغفار لون نے تمام 5 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ مخالفین کا کھاتہ بھی نہ کھل سکا۔
ضلع بدین میں آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 46 ووٹرز رجسٹرڈ تھے اور سو فیصد پولنگ کے ساتھ تمام ووٹرز نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں فیصلہ سنا کر کامل کامیابی کی نئی مثال قائم کر دی۔



