ایران کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سے ہنگامی رابطہ، امریکا کو مزید حملوں سے خبردار کر دیا


تہران(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سے اہم سفارتی رابطے کرتے ہوئے امریکا کو مزید فوجی کارروائی سے خبردار کر دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ عباس عراقچی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے بھی الگ الگ رابطے کیے، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی مہم جوئی پر مبنی فوجی کارروائی سے گریز کرے، کیونکہ ایران اپنی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
عباس عراقچی کے آفیشل ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن اور مؤثر جواب دے گا۔