آزاد کشمیر الیکشن: دوسرے مرحلے میں 21 حلقوں میں پولنگ جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ مجموعی طور پر 21 نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، خصوصاً پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کئی حلقوں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

ووٹنگ کے لیے 1,483 پولنگ اسٹیشنز اور 2,219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پر 6 جبکہ عام پولنگ اسٹیشنز پر 4 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتیں اور متعدد آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219، ضلع نیلم کی 2 نشستوں پر 1 لاکھ 51 ہزار 911 جبکہ ضلع جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر 1 لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اہل اور بہتر قیادت کا انتخاب کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے بھی تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button