حکومت کیخلاف مشترکہ تحریک چلانے کیلئے تحریک انصاف کے جے یوآئی سے رابطے

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کیلئے جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) سے رابطے شروع کر دیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی کے قائدین سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کر دی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی، جے یو آئی کا مؤقف ہےکہ احتجاج سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد بحال ہونا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی قیادت کے درمیان آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔
ترجمان جے یو آئی خیبرپختونخوا عبدالجلیل جان نے کہاکہ پی ٹی آئی کی سنجیدہ قیادت سامنے آئے گی تو بات آگے بڑھے گی، اب تک واضح نہیں کہ پی ٹی آئی کے فیصلے کون کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، انہیں اپنے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنا ہوگا۔
اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے قائدین سے ملاقاتوں کی تصدیق کردی۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں، وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، دونوں جماعتیں متعدد معاملات پر متفق ہونے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔



