اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا شفاف فنڈز استعمال اور مریضوں کی بہترین نگہداشت یقینی بنانے کا حکم

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے مشن کے تحت ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایم پی اے میاں محمد منیر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ایم ایس ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال شاہنواز ملک سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ہیلتھ حکام کی جانب سے سی ایم ڈائلسز پروگرام، صحت سہولت پروگرام، مریضوں کو ادویات کی فراہمی، طبی سہولیات اور اخراجات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے سی ایم ڈائلسز پروگرام کے تحت مریضوں کو بروقت سہولیات، ادویات کی دستیابی، انتظامی امور کی بہتری اور صحت عامہ کے لیے مختص فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق ایک عظیم فریضہ ہے اور محکمہ صحت کے افسران و عملہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں مریضوں کو تشخیص، علاج معالجہ اور مناسب نگہداشت کی سہولیات کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں، اس لیے محکمہ صحت کے افسران اور اہلکار عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button