سندھ پبلک سروس کمیشن بازار بن چکا ہے، ایاز لطیف پلیجو کا الزام

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے متاثرہ امیدواروں کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور امیدواروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سندھ میں میرٹ کی مبینہ پامالی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں میرٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور نوجوان اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن ایک "بازار” بن چکا ہے، جہاں ہر کام کی مبینہ طور پر قیمت مقرر ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ایک سیٹ کی قیمت کروڑوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے طویل جدوجہد کرنا پڑے گی، کیونکہ موجودہ حالات میں نوجوانوں کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو خود جائزہ لینا چاہیے کہ انہوں نے ملک کے لیے کیا فیصلے کیے اور ان کے نتائج کیا نکلے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ناکام ثابت ہوا ہے تو اسے اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں سیاسی قیادت کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ سیاسی رہنما عوام کے سامنے آ کر واضح کریں کہ وہ کامیاب ہوئے یا ناکام۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ بلوچستان کے حالات، کشمیر کی صورتحال اور سندھ کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کو اس وقت انتشار نہیں بلکہ اتحاد، افہام و تفہیم اور سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button