متوفی ملازم کی پنشن و مراعات پر پہلا حق بیوہ یا نامزد شخص کا ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنشن اور متعلقہ مراعات کی قانونی حق دار بیوہ یا قانون کے مطابق نامزد فرد ہوگا، جبکہ صرف قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر بہن بھائی ان مراعات کے مستحق نہیں بن سکتے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے تحریر کردہ چار صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین، قواعد و ضوابط اور متعلقہ ادارے کے سروس رولز کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے، اس لیے صرف وراثت کی بنیاد پر پنشن کا دعویٰ قانونی طور پر قابلِ قبول نہیں۔

عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا کہ فوت شدہ ملازم کی پنشن کا حق صرف اس کی بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص کو حاصل ہوتا ہے، جبکہ بہن بھائی محض قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر پنشن یا دیگر متعلقہ مراعات کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ ایک فوت شدہ پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں کی جانب سے دائر اپیل پر سنایا اور وراثت نامہ جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

مزید خبریں

Back to top button