لاڑکانہ میں دل دہلا دینے والا سانحہ، دو سگے بھائیوں سمیت 3 بچے پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق


لاڑکانہ(احسان جونیجو\جانوڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے نواحی گاؤں پیر جھانگارا میں افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین کمسن بچے پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 5 سالہ محمد حسیب، 6 سالہ سعید اور ان کے 3 سالہ کزن رضوان کلہوڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ اہلِ خانہ بچوں کو نکال کر فوری طور پر چانڈکا اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
لواحقین کے مطابق بچے زمینوں کی جانب گئے تھے اور واپسی کے دوران پیر پھسلنے سے پانی کے گڑھے میں گر گئے، جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
متوفی بچوں کے ورثاء نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دی، مگر بروقت امداد نہ پہنچ سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری ریسکیو کارروائی کی جاتی تو ممکن ہے بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔