آزاد کشمیر اسمبلی نے ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کر لی

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس نبیلہ ایوب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں چوہدری یاسین کی جانب سے موجودہ صورتحال پر ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کی قرارداد پیش کی گئی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حالیہ واقعات کے حقائق جاننے کے لیے ایک غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے، جسے تحقیقات کے لیے مکمل اختیارات اور تمام متعلقہ معلومات تک رسائی فراہم کی جائے۔
ایوان نے قرارداد میں یہ بھی کہا کہ کمیشن کی حتمی رپورٹ آنے تک مظاہرین احتجاج ختم کریں، جبکہ حکومت فوری طور پر حالات کو معمول پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اسمبلی نے پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ پرامن مظاہرین سے اپیل کی گئی کہ وہ مسلح عناصر سے خود کو الگ رکھیں۔
قرارداد میں آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہر قسم کے تشدد، بدامنی اور انتشار کو مسترد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔



