اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ میں رابطہ ، پاکستان اور مصر کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ، فلسطینیوں کی حمایت پر اتفاق


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا اور متاثرہ علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے عرب اور اسلامی ممالک کے مجوزہ اجلاس سے متعلق اردن کی تجویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور مصر علاقائی امن، استحکام اور فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے اپنی مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔