امریکا نے ایران پر پھر فضائی حملے شروع کردیئے، متعدد شہروں میں دھماکے، سینٹکام کا دعویٰ

واشنگٹن/تہران (جانوڈاٹ پی کے/ویب ڈیسک) امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

سینٹکام کے مطابق حملوں میں فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات، ساحلی نگرانی کے مراکز، دفاعی نظام اور بحری صلاحیتوں سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی بحری جہازوں اور خلیجی ممالک کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے۔

امریکی اعلان کے بعد ایران کے مختلف علاقوں سے زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ صوبہ ہرمزگان کے نائب گورنر احمد نفیسی کے مطابق صبح چار بجے جزیرہ قشم پر فضائی حملہ کیا گیا، جبکہ تقریباً ایک گھنٹے بعد قشم کے علاقے چاہ ٹنگو میں ایک رہائشی یونٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

ادھر صوبہ خوزستان کے نائب گورنر نے آبادان کے نواحی علاقوں پر حملوں کی تصدیق کی، تاہم جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ایک نامہ نگار کے مطابق خوزستان کے کم از کم چار شہروں شادگان، اروندکنار، آبادان اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن میں صرف اہواز میں سات دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

اسی دوران ابوموسی، کیش، قشم کے سمندری علاقے اور آبنائے ہرمز کے اطراف بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ صوبہ فارس کے شہروں نورآباد ممسنی اور کازرون سے بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

تاحال ایرانی حکام کی جانب سے ان حملوں میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button