میزائل کی کمی کا سامنا، ٹرمپ انتظامیہ کا لاک ہیڈ مارٹن کیساتھ انٹر سیپٹر میزائلز کی تیاری کیلئے 58.6 ارب ڈالر کا معاہدہ

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے/ویب ڈیسک) امریکا نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کو پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائلوں کی تیاری کا ایک بڑا معاہدہ دے دیا، جس کی مجموعی مالیت 58.6 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

پینٹاگون کے اعلان کے مطابق اپریل میں لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ ہونے والے 4.7 ارب ڈالر کے ایک سالہ معاہدے کو اب سات سالہ پروگرام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مالی سال 2026 سے 2032 تک پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائلوں کی خریداری اور پیداوار جاری رہے گی۔

پینٹاگون نے دفاعی صنعت پر زور دیا ہے کہ وہ میزائلوں کی تیاری کی رفتار میں نمایاں اضافہ کرے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھی دفاعی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شیئر ہولڈرز کو منافع دینے کے بجائے سرکاری دفاعی معاہدوں کی بروقت تکمیل اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کو ترجیح دیں۔

لاک ہیڈ مارٹن کے مطابق نئی فنڈنگ کی بدولت کمپنی 2030 کے اختتام تک پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائلوں کی پیداوار تین گنا بڑھانے کے منصوبے پر عمل کرے گی۔ اس توسیعی منصوبے کے نتیجے میں ملازمتوں کی تعداد بھی 1,200 سے بڑھ کر 1,850 تک پہنچ جائے گی، یعنی تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوگا۔

یہ اہم دفاعی معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور یوکرین میں جاری تنازعات کے باعث امریکا کے فضائی دفاعی نظام، درست نشانے والے ہتھیاروں اور میزائل ذخائر پر دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button