اپنی گرفتاری کے مطالبے کے باوجود نیویارک ضرور جاؤں گا،نیتن یاہو

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ رواں سال ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے میرے خلاف عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے گرفتاری کے وارنٹ پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے اس کے باوجود میں نیویارک جاؤں گا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں نیو یارک جا رہا ہوں، میں یقیناً وہاں جاؤں گا، میں اس نفرت پھیلانے والے منتخب عہدیدار کے سامنے سچ بیان کرنے جا رہا ہوں۔

انہوں نے ظہران ممدانی پر الزام عائد کیا کہ وہ نیویارک کے شہریوں میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں اور یہودی باشندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، میرا مطلب ہے کیا ہم 1930ء کی دہائی میں جی رہے ہیں؟ یہ کیا ہو رہا ہے؟ اتنی نفرت، اتنے جھوٹ؟

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ظہران ممدانی نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اگر وہ امریکا میں داخل ہوتے ہیں تو عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹِ گرفتاری پر عمل درآمد کیا جائے۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ نیتن یاہو کو امریکی دورے کے دوران گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے نومبر 2024ء میں غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button