واشنگٹن میں نیتن یاہو کے خلاف احتجاج، آئی سی سی وارنٹ پر عملدرآمد کا مطالبہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے۔ احتجاج کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرین کا ایک گروپ جارج ٹاؤن میں واقع فور سیزنز ہوٹل کی لابی میں بھی داخل ہو گیا، جہاں بنیامین نیتن یاہو ایک عشائیے میں شریک تھے۔ مظاہرین نے ہوٹل کے ریستوران تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک کر عمارت سے باہر منتقل کر دیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے "بی بی، بی بی، تم چھپ نہیں سکتے، تم نسل کشی کر رہے ہو” جیسے نعرے بھی لگائے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔



