ایرانی میزائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد اضافہ


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے توانائی کی عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی افواج پر ایرانی میزائل حملے کی تصدیق کے بعد امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت 4 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 82 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل واشنگٹن کی جانب سے ایران پر فضائی حملے اچانک روکنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، جبکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایرانی حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد برینٹ خام تیل (Brent Crude) کی قیمت بھی بڑھ کر 88 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ مزید بڑھ گیا۔