دوطرفہ تعلقات،کویت کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ کویتی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و سفارتی تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اپنے دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button