کالا ہرن فلم تنازع، سلمان خان عدالت سے قانونی جنگ جیت گئے

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)کالے ہرن کیس سے مشابہہ فلم کے معاملے پر بالی ووڈ اداکار سلمان خان قانونی جنگ جیت گئے، عدالت نے فلم پروڈیوسر کو فلم کا مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔

دہلی ہائی کورٹ کی جج جسٹس جیوتی سنگھ نے اداکار سلمان خان کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بالی ووڈ فلم ’کالا ہرم: دا بیٹل فار لیگیسی‘ کے پروڈیوسر امت جانی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم کا ٹیزر، پوسٹرز اور اس سے متعلق تمام آن لائن انٹرویوز فوری طور پر انٹرنیٹ سے ہٹا دیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ سب فوراً بند ہونا چاہیے۔ ایک بار اگر کسی شخص کی ساکھ چلی جائے تو وہ دوبارہ حاصل نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے نوٹ کیا کہ فلم کا پروموشنل مواد براہِ راست سلمان خان کو 1998 کے کالا ہرن شکار کیس اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کے تنازع سے جوڑتا ہے، جس سے اداکار کی زندگی اور ساکھ کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

سلمان خان کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اگرچہ فلم میں سلمان خان کا نام براہِ راست استعمال نہیں کیا گیا، لیکن ان کے ہم شکل اداکار کو سلمان خان جیسا نیلے رنگ کا خصوصی بریسلیٹ پہنے دکھایا گیا ہے تاکہ عام لوگ اسے سلمان خان ہی سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیزر میں ہم شکل کردار کے ہاتھ میں بندوق دکھائی گئی ہے، جو عوام کو شدید گمراہ کرتی ہے کیونکہ سلمان خان ’آرمز ایکٹ‘ کیس میں عدالت سے باقاعدہ بری ہو چکے ہیں۔

وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ پروڈیوسر نے فلم کی پبلسٹی کے لیے سلمان خان کی شخصیت، ان کے ہٹ ہونیوالے کیسز اور لارنس بشنوئی کی دھمکیوں کا تجارتی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔

عدالتی حکم کے بعد فلم کے پروڈیوسر کو سلمان خان سے جڑے تمام مواد اور میڈیا انٹرویوز کو سوشل میڈیا اور یوٹیوب سے حذف کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button