ن لیگ شکست کے خوف سے آزاد کشمیر انتخابات متنازع بنانا چاہتی ہے، شیری رحمان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) شکست کے خوف سے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو جان بوجھ کر متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ کشمیری عوام باشعور ہیں اور وہ اپنا فیصلہ خود کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا تعلق برسوں پر محیط ہے، اس لیے اگر عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے 12 میں مسلح افراد کے داخل ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے بے بنیاد الزامات کے باوجود ایل اے 10 کے انتخابی عملے کو تبدیل کیا گیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوامی مینڈیٹ نہیں چھین سکتی اور ہر قسم کے دباؤ کے باوجود کشمیری عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی اصل کامیابی عوام کے آزادانہ فیصلے میں ہے، اور مسلم لیگ (ن) خواہ کوئی بھی حربہ استعمال کر لے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔



