نیتن یاہو عالمی فوجداری عدالت سے بچنے کے لیے واشنگٹن کو استعمال کر رہے ہیں، ایران کا الزام


تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے وارنٹ سے بچنے کے لیے امریکا کو استعمال کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ نیتن یاہو نے کھلے عام دعویٰ کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے ان کے خلاف کارروائی کرنے والی عدالت کے خلاف اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کو بدعنوان قرار دے رہے ہیں، کیونکہ عدالت نے ایک ایسے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جسے وہ "مطلوب” قرار دیتے ہیں۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی عدالتی اداروں پر دباؤ ڈالنے یا ان کے فیصلوں کو سیاسی انداز میں متاثر کرنے کی کوششیں عالمی قانون اور انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل، امریکا اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے درمیان قانونی اور سفارتی معاملات پر کشیدگی برقرار ہے۔