امریکا، ایران کشیدگی میں کمی کے اشارے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ

لندن/نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں ممکنہ کمی کے اشاروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں میں تنازع کے سفارتی حل کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مزید حملوں کو عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں جنگ کے مزید پھیلنے کے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آ گئیں۔

عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 5.8 فیصد کمی کے بعد 91.20 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 5.5 فیصد کمی کے ساتھ 84.40 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھیں، تاہم امریکی حملوں میں عارضی وقفے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں فوری طور پر مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا اور قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی مزید کم ہوتی ہے اور سفارتی مذاکرات کا عمل آگے بڑھتا ہے تو عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام آنے کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں، تاہم صورتحال کا انحصار آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے اقدامات پر ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button