بارشوں کی تباہی:تھرپارکر کے گاؤں جیتراڑ میں20سے زائد کچے گھر منہدم،متاثرہ خاندان پریشان

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں جہاں حالیہ بارشوں نے صحرائی علاقے کے باسیوں کے لیے خوشیوں کی نوید سنائی، وہیں تعلقہ ڈاہلی کے گاؤں جیتراڑ میں گزشتہ طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچا دی۔ بارشوں کے باعث 20 سے زائد غریب خاندانوں کے کچے مکانات منہدم ہو گئے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور مخیر حضرات سے فوری امداد کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں عارضی رہائش، راشن، صاف پینے کا پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ موجودہ مشکل صورتحال سے نکل سکیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں تک ہنگامی امداد فوری پہنچائی جائے تاکہ کسی بھی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ادھر تعلقہ ننگرپارکر، ڈیپلو، کلوئی اور چھاچھرو سے اب تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ خوشگوار موسم نے صحرائے تھر کے باسیوں کے چہروں پر خوشی کی جھلک ضرور بکھیر دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button